پٹنہ:30/نومبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو جمعہ کو بہار اسمبلی کے موجودہ سرمائی اجلاس کے آخری دن ایوان میں نظر آئے ۔ ریاست کے ویشالی ضلع کے مہوا اسمبلی حلقہ سے ممبر اسمبلی تیج پرتاپ نے تین نومبر کو طلاق کے لئے عرضی دی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے خود کو خاندان اور سیاست سے دور رکھا تھا۔ تیج پرتاپ سفید دھوتی اور کرتہ ملبوس کرکے جمعہ کو اسمبلی آئے۔ انہوں نے ہلکے سفید رنگ کی صدری بھی پہنی تھی اور ماتھے پر سرخ رنگ کا ٹیکہ بھی لگایا تھا۔ وہ اپنے چھوٹے بھائی اور اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو اور اپنی ماں رابڑی دیوی سے بچتے رہے، اس منظر سے یہ بھی مانا جارہا ہے کہ طلاق کے مسئلہ پر خاندان میں ان بن کو بیان ہوتا ہے ۔ تیج پرتاپ نے ازدواجی تنازعہ کے بارے میں پوچھے گئے کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا لیکن وہ اپنی پارٹی راشٹریہ جنتا دل کا دفاع کرتے نظر آئے۔ گاڑی میں بیٹھنے سے پہلے تیج پرتاپ نے صحافیوں کو بتایا کہ بہار میں عدم استحکام کی صورت حال ہے۔ عوام کی حالت زار کی جانب حکومت کی توجہ اس سمت مبذول کرانے کے لیے اپوزیشن کو جو بھی ممکن ہو کرنا چاہئے۔